بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تمام سفارتی،سیاسی اوربین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے:عثمان بزدار

News Date: 
Wednesday, August 7, 2019

لاہور7 اگست:   وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پوری قوم کی آواز ہے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے حوالے سے بھارت کے متنازعہ اقدام پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے اوروزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے بھارت کی مکاری کا پردہ فاش کیا ہے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا کوامن کا پیغام دیا ہے اور سچ یہ ہے کہ ہرصاحب ضمیر بھارتی بھی مودی سرکار کے غیر جمہوری اور گھناؤنے اقدام پر شرمندہ ہے اورمقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارت کا تعصب دنیا کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تمام اخلاقی،سفارتی،سیاسی اوربین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے اورمودی سرکارنے یہ متنازعہ اقدام کر کے علاقائی سلامتی اورامن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پار کرچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اورہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دے گی اورپوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام عالم کے ضمیر کو اب جاگنا پڑے گااوربین الاقوامی برادری کو بھارت کے غیر قانونی،غیر جمہوری اورغیر آئینی اقدام پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔بھارت یہ جان لے کہ وہ ظلم و ستم اورمتنازعہ اقدام کے ذریعے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کودبا نہیں سکتا۔ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا۔بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اورمقبوضہ کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔ 

پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیپرلیس ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیپرلیس (Paperless) ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم لانچ کر دیا ہے اور اس سسٹم سے تقریباً 4 لاکھ اساتذہ کی تمام تفصیلات آن لائن پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔ اساتذہ کو ٹرانسفر، پروموشن، چھٹیوں اور ریٹائرمنٹ جیسے معاملات میں بھاری بھرکم فائلوں کے ساتھ دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ پچھلے 2 ماہ میں تقریباً 20 ہزار اساتذہ کے ان کی مرضی کی جگہ پر تبادلے گھر بیٹھے موبائل کے ذریعے ہوئے اور پہلی بار یہ تبادلے بغیر کسی سفارش، سیاسی دباؤ یا رشورت کے ہوئے۔ یہ کرپشن کے خاتمے، شفافیت اور ای گورننس کی جانب ہمارا ایک اور بڑا قدم ہے۔
چک جھمرہ میں طالبہ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد کے علاقے چک جھمرہ میں طالبہ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے اور مقتولہ کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ 
راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں نالے میں بہہ جانے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں نالے میں بہہ جانے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔