وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس،میانوالی ہسپتال،نشتر ٹوملتان اورکارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ ڈی جی خان کے منصوبوں پر پیش رفت کاجائزہ

News Date: 
Sunday, September 8, 2019

 لاہور8ستمبر:  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کااجلاس منعقد ہوا جس میں میانوالی ہسپتال،نشتر ٹوملتان اورکارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ڈی جی خان کے قیام کے منصوبوں پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ جلد تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اورتعمیر نو کے پراجیکٹ جلد مکمل ہونے چاہئیں۔ میانوالی ہسپتال،نشتر ٹو اورکارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ڈی جی خان کی تعمیرکے منصوبوں کے امور کو جلد سے جلد طے کیا جائے۔ڈیر ہ غازی خان میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ بننے سے بلوچستان کے مریضوں کو بھی معیاری علاج معالجے کی سہولت ملے گی۔ڈیرہ غازی خان ٹیچنگ ہسپتال میں آڈیٹوریم، ڈاکٹراورنرسزہوسٹلز بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے نئے ہسپتالوں کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں جلد از جلد دورکی جائیں اور نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبوں میں شفافیت اورتعمیراتی معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کا دباؤبڑھ رہاہے، لہٰذا ہسپتالوں کی عمارتوں کی اپ گریڈ کرنا ہوگا۔ ہر مریض کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں معیاری علاج کی سہولت مہیا کرنا چاہتے ہیں۔