وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سعودی عرب سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے،کوئی رعایت نہیں ہوگی:عثمان بزدار

News Date: 
Monday, September 16, 2019

لاہور16 ستمبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اوراشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہا کہ مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔انتظامی افسران پرائس کنٹرول کیلئے خود مارکیٹوں اوربازاروں کے دورے کریں۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے بہانے بازی نہیں چلے گی۔ وزیراعلیٰ نے مصنوعی مہنگائی پر قابوپاکرصوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے عملی اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو کسی بھی صورت مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے گراؤنڈ پر اقدامات نظر آنے چاہئیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر سے باہر نکلیں اور مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کو چیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال انداز میں کام کرنا ہوگا۔