مقبوضہ کشمیر میں جدوجہدآزادی تاریخی موڑ لے چکی ہے،دنیااب کشمیر کو نظر انداز نہیں کرسکتی:عثمان بزدار

News Date: 
Tuesday, September 17, 2019

لاہور17 ستمبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں جدوجہدآزادی تاریخی موڑ لے چکی ہے،دنیااب کشمیر کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔وزیراعظم عمران خان نے کشمیر ایشو پرنریندر مودی کو بولڈ کردیاہے۔کشمیر پر مودی اوربھارتی حکومت کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 7ہفتے سے جاری کرفیو اورپابندیوں کا سلسلہ عالمی برداری کیلئے سوال بن چکا ہے۔بھارت کیسا ملک ہے؟انسان ماردئیے جاتے ہیں اورگائے کوماتا بنا کر پوجاجاتا ہے۔ سرینگر میں باغات کو نذرآتش کرنا کشمیریوں کو معاشی طورپر تباہ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مودی سرکارکی انتہاء پسندی بے نقاب ہوگئی ہے۔بھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کے اداروں اورکارکنوں کو دھمکانا قابل مذمت ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام انسانی حقوق کے تحفظ کے عہد کا مذاق اڑا رہا ہے۔