وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے منیجنگ ڈائریکٹر پا کستان بیت المال عون عباس کی ملاقات-عام آدمی کی مشکلات کم کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اورفرض بھی:عثمان بزدار

News Date: 
Wednesday, December 25, 2019

لاہور25دسمبر: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں منیجنگ ڈائریکٹر پا کستان بیت المال عون عباس نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی مشکلات کم کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اورفرض بھی۔ماضی میں احساس سے عاری حکمرانوں نے عام آدمی کی تکالیف میں اضافہ کیا۔تحریک انصاف کی حکومت کافوکس عام آدمی ہے۔پناہ گاہ جیسا فلاحی پروگرام صلہ رحمی کی مثال ہے۔ پناہ گاہ جیسے شاندار فلاحی منصوبے کا دائرہ کار تمام شہروں تک بڑھایا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ پناہ گاہوں کا منصوبہ بے آسرا اورسڑک پر سونے والے افراد کیلئے پی ٹی آئی حکومت کا منفرداقدام ہے۔ انسانیت کی فلاح و خیر خواہی کیلئے خدمات سرانجام دینا ترجیحات میں اولین ہے۔وزیر اعظم عمران خان ہمہ وقت معاشرے کے عام طبقے کی فلاح اور بھلائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صلہ رحمی اور حسن سلوک معاشرے میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا موثر ذریعہ ہے۔انسانوں سے محبت اور صلہ رحمی سے زندگی میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں۔احساس پروگرام کے ذریعے مستحق افراد کی ضرورتوں کو پورا کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال جیسا ادارہ مستحق افراد کی مدد کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔پاکستان بیت المال ایسے طبقات کیلئے سہارا بنا ہوا ہے جن کے پاس معاشی وسائل کی کمی ہے۔ایم ڈی پاکستان بیت المال نے مستحق افراد کے لئے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔