وزیراعلیٰ عثمان بزدارچھٹی کے روزجڑانوالہ،سمندری پہنچ گئے،عوامی شکایات پر اے سی جڑانوالہ تبدیل،اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولراورتھانیدارمعطل

News Date: 
Sunday, January 19, 2020

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اتوار کے روزجڑانوالہ اورسمندری کے اچانک دورے کیے۔تھانہ آٹا سیل پوائنٹس اورہسپتالوں پر چھاپے مار کرصورتحال کا جائزہ لیا اوردونوں شہروں میں صفائی کے انتظامات بھی چیک کیے۔وزیراعلیٰ نے ناقص کارکردگی کی عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کوعہدے سے ہٹا دیاجبکہ اسسنٹ فوڈ کنٹرولر اورایس ایچ اوکو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار اتوار کے روزاچانک جڑانوالہ پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائے سیل پوائنٹ پرعوام کو آٹے کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے مصافحہ کیااوروزیراعلیٰ نے شہریوں سے آٹے کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا اورانہیں حکومت پنجاب کی طرف سے آٹے کے تھیلے دیئے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بعض شہریوں کی جانب سے آٹے کی کم دستیابی کی شکایت پرفوری ایکشن لیا اوراسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا،جس پراے سی جڑانوالہ کو او ایس ڈی کردیااور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرجمیل گجرکو معطل کردیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس وافر گندم موجود ہے۔آٹے کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔میں عوام سے ہوں اورعوام کو آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں نکلا ہوں۔وزیراعلیٰ نے شہر میں آٹے کے سیل پوائنٹس میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے سیل پوائنٹس پر آٹا مقررکردہ نرخوں پردستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مختلف شہروں کے دور ے کر کے آٹے کی صورتحال کا جائزہ لیتا رہوں گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھانہ سٹی جڑانوالہ کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے حوالات میں بند ملزموں سے ہاتھ ملایا اوران کے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ نے تھانے کے مختلف حصوں کاجائزہ لیا اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ حوالات میں بند ملزموں کوقواعد و ضوابط کے مطابق سہولتیں ملنی چاہیے جو ان کاحق ہے۔وزیراعلیٰ نے شکایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ معطل کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال جڑانوالہ کا بھی اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جڑانوالہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جڑانوالہ شہر کی گلیوں کی صفائی کو بھی بہتر بنایا جائے۔صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کی جائے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارجڑانوالہ سے اچانک سمندری پہنچ گئے۔آٹا سیل پوائنٹ اورتحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال کادورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیل پوائنٹ پر شہریوں میں خود آٹے کے تھیلے تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں آٹا وافر دستیاب ہے۔20کلو آٹے کا تھیلا805روپے میں مل رہا ہے۔ جہاں پر بھی آٹے کی کم دستیابی کی شکایت سامنے آئی فوری ایکشن ہوگا۔عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔وزیراعلیٰ نے آٹے کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔میں خود آٹے کی دستیابی کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں نکلا ہوں۔ کسی کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمندری کا دورہ کرکے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اوردستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کے مسائل بھی پوچھے۔وزیراعلیٰ نے دو خواتین مریضوں کو ان کے بچوں کے علاج کیلئے مالی امدادبھی دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایمرجنسی کو 24گھنٹے فنکشنل ہوناچاہیے۔ ایمرجنسی بلاک کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کے ڈاکٹر بھی جلد آجائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں گندم اورآٹے کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ہم نے فلور ملوں کیلئے آٹے کی سپلائی میں اضافہ کردیا ہے۔میں خود فیلڈ میں موجود ہوں اورزمینی حقائق سے باخبر ہوں۔کسی کو بھی اپنے عوام کے ساتھ زیادتی نہیں کرنے دوں گا