وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا ایک اور احسن اقدام، اپنا ہیلی کاپٹر کورونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر محکمہ صحت کے حوالے کردیا

News Date: 
Saturday, March 14, 2020

لاہور14 مارچ:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپناہیلی کاپٹر کورونا ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر محکمہ صحت کے حوالے کر دیا ہے۔ محکمہ صحت کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلقہ امور کی انجام دہی کیلئے وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر استعمال کرسکے گا۔ وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر پر ضروری طبی امداد کیلئے ادویات، آلات اور کٹس بھی جلد از جلد منتقل کی جاسکیں گی۔ ہیلی کاپٹر کو مریضوں کی منتقلی کیلئے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مریضوں کو علاج کیلئے مخصوص ہسپتالوں میں جلد از جلد منتقل کرنا ممکن ہوگا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے طبی سرگرمیوں میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سے زیادہ کچھ اہم نہیں۔ کورونا وائرس سے بچاؤ اور پیشگی حفاظتی اقدامات میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔ہیلی کاپٹر پنجاب کے عوام کی امانت ہے، انہی کی سہولت کیلئے استعمال ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب لاہور، راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان میں کورو نا کیلئے مخصوص ہسپتال قائم کر چکی ہے۔محکمہ صحت کو پہلے بھی ہر طرح کے وسائل دیئے اور آئندہ بھی دیں گے۔