عوام کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں،مثبت نتائج سامنے آئیں گے:عثمان بزدار

News Date: 
Saturday, March 14, 2020

لاہور14 مارچ:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے۔ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اور بروقت اقدامات کئے ہیں۔ تعلیمی اداروں، شادی ہالوں اور سینما گھروں کو بند رکھنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ”پرہیز علاج سے بہتر ہے“ کے اصول پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں۔ عوام کے تعاون سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر طبقے کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔عوام کی حفاظت کیلئے آئندہ بھی مزید اقدامات کرتے رہیں گے۔