وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیرداخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو کی قیادت میں وفد کی ملاقات

News Date: 
Tuesday, July 21, 2020

لاہور21جولائی:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان کے وزیرداخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے دورہ بلوچستان کے دوران پرتپاک میزبانی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور بلوچستان کے لوگوں کی محبت کبھی نہیں بھول سکتا۔ پنجاب حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ تربت میں 100 بیڈ کا ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر بنایا جائے گا اور میں نے اپنے حالیہ دورہ بلوچستان کے دوران ان منصوبوں کے لئے ایک ارب روپے کا چیک وزیراعلیٰ جام کمال خان کو دیا ہے جو کہ پنجاب حکومت کی طرف سے بلوچستان میں بسنے والوں کیلئے خیرسگالی کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ موسیٰ خیل میں بنک آف پنجاب، طالبات کے لئے ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے مریضوں کو سرحدی علاقے سے ڈیرہ غازی خان منتقل کرنے کے لئے ریسکیو سروس دیں گے۔ ڈیرہ غازی خان میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے بلوچستان کے مریض بھی مستفید ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان سے آنے والے لوگ ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ ہمیشہ بلوچستان جا کر محبت دیکھی، پنجاب بھی محبتیں نچھاورکررہا ہے۔  بلوچستان کے وزیرداخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار نے پنجاب اور بلوچستان کو قریب لانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ عثمان بزدار نے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ وفود کے باہمی تبادلوں سے محبت بڑھ رہی ہے۔ صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات قابل تحسین ہیں۔