وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس،پنجاب میں 2 مزید نیشنل پارکس کے قیام کا فیصلہ

News Date: 
Tuesday, July 21, 2020

 لاہور21 جولائی:  وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں 2 مزید نیشنل پارکس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے نیشنل پارکس کے قیام کے نوٹیفکیشن کے اجراء کی منظوری دی۔ فتح جنگ کے قریب خیری مورت میں 8 ہزار 740 ایکڑ اراضی پر نیشنل پارک بنایا جائے گا۔ کھاریاں کے قریب پبی میں 38 ہزار 874 ایکڑ اراضی پر نیشنل پارک بنایا جائے گا جبکہ بہاولپور کے لال سہانرا نیشنل پارک میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور لال سہانرا نیشنل پارک کا رقبہ ایک لاکھ 62 ہزار 567 ایکڑ پر مشتمل ہوگا۔ اجلاس میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پورے پنجاب میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور پنجاب کابینہ نے اتھارٹی کا دائرہ کار صوبائی سطح پر بڑھانے کی منظوری دی جبکہ اتھارٹی کا نام والڈ سٹی اینڈ ہیری ٹیج ایریا اتھارٹی پنجاب رکھنے کی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پروبیشن آف اوفینڈرز ترمیمی ایکٹ2020 کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب پیرول ایکٹ 2020 اور پنجاب گڈکنڈکٹ پرینرنرز پروبیشنل ریلیز ترمیمی ایکٹ 2020 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مائنز اینڈ آئل فیلڈز اینڈ منرل ڈویلپمنٹ (گورنمنٹ کنٹرول) ایکٹ 1948 کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔ عوامی جمہوریہ چین کے شہر چنگ ڈاؤ(QINGDAO) اور فیصل آباد میونسپل کارپوریشن ایڈمنسٹریشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے چنگ ڈاؤ اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے مابین تجارت، ثقافت، بزنس اور باہمی وفود کے تبادلے ہوں گے۔ اجلاس میں پیپرا ایکٹ   2009 کے سیکشن 6 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 (ترمیمی 2019) کے رولز 12 اور 59 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کے سی ای او / مستقل صدر کی تعیناتی کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت ہوں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں لوکل گورنمنٹس کیلئے افسران کی تقرری سے متعلق امور کی منظوری دی گئی۔صوبائی محتسب اعلیٰ کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2018 پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے تقرر کیلئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی گئی۔ ناموس رسالت ؐ کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد سے متعلق مسودہ قانون کی منظوری دی گئی۔ سٹمپ ایکٹ 1899 کے شیڈول ون کے آرٹیکل 23(C) کے تحت رجسٹرڈ موٹر گاڑیوں کی فروخت اور رجسٹریشن کی منتقلی پر عائد سو روپے کا اشٹام پیپرختم کرنے کی منظوری دی گئی۔  اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 30 ویں اور 31 ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی اور سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 27 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پروبیشن اینڈ پیرول سسٹم میں ضروری اصلاحات کی گئی ہیں۔ پروبیشن اینڈ پیرول سروس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس اقدام سے پیرول سسٹم کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور صوبہ پنجاب میں بنیادی اشیائے خورد و نوش کے نرخ دیگر صوبوں کی نسبت کم ہیں۔ انتظامیہ کو ہر سطح پر گراں فروشی کے خلاف متحرک کر دیا گیا ہے۔گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔ ٭٭٭