جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ایک اور خوشحبری،وزیراعلیٰ نے بہاولپور اورملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دے دی

News Date: 
Tuesday, September 15, 2020

لاہور15ستمبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بہاولپور اورملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دے دی ہے-پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دونوں سیکرٹریٹ کے ماڈل تیار کیے ہیں -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب بہاولپور اورسول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب ملتان کو جدید ترین طرز پر تعمیر کیا جائیگا۔جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔تحریک انصاف کی حکومت کھوکھلے نعروں پر نہیں عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے اورجنوبی پنجاب کے دونوں سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد جلد رکھاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں پہلی بارترقی کانیا دورشروع ہوا ہے۔سابق حکومتیں وعدوں پر جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلاتی رہیں اورسابق دور میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیاگیا۔جنوبی پنجاب کے فنڈزمن پسند ضلعوں پر خرچ کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دے رہے ہیں اور جنوبی پنجاب کے لئے مخصوص فنڈ صرف وہاں ہی خرچ ہوں گے۔