راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مستقبل کے نئے منصوبہ سازوں کیلئے کئی دہائیوں تک ایک مثال ہوگا:عثمان بزدار

News Date: 
Tuesday, September 15, 2020

لاہور15ستمبر:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آج ایک تاریخی موقع ہے جب پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے کا خواب عملی تعبیر میں بدل رہا ہے اور آج وزیر اعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ  کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے -وہ آج کالا خطائی کے مقام پر راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومت ماضی میں نمائشی منصوبوں پر توجہ دیتی رہی- سات برس قبل اس منصوبے کا پلان پیش کیا گیا مگرماضی کے حکمران اس کوشروع نہ کرسکے کیونکہ انکی ترجیحات میں عوام کی حقیقی تبدیلی لانے والے منصوبے شامل ہی نہیں تھے -انہوں نے کہا کہ آج لاہور کی پہچان بننے والا دریائے راوی گندے نالے میں بدل چکا ہے لیکن کسی کو اس کی فکر نہیں -لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی آ گئی ہے -ہم دریائے راوی کی گزر گاہ میں 46کلو میٹر جھیل بنائیں گے -یہ ماحول دوست منصوبہ ہے،یہاں لگائے جانے والے 60لاکھ سے زائد پودے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی لائیں گے-پانی کیلئے بیراج اورویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ بنائے جائیں گے-جھیل میں بارشوں کا وہ پانی ذخیرہ کیا جائے گا جو اس سے قبل ضائع ہو جاتا تھا- جھیل بننے سے نہ صرف دریا کا ایکو سسٹم بہتر ہوگا بلکہ زیر زمین پانی کا لیول بھی بحال ہوگا- اس جھیل سے تقریباً ایک ارب لیٹر پانی زیر زمین جائے گا اور آبی بخارات کی صورت میں موسم کو خوشگوار بنانے کا سبب بنے گا-46کلومیٹر طویل اور ہزاروں ایکڑ پر محیط راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں 12 مختلف سپیشلائزڈ سٹی بنائے جائیں گے-  اس پراجیکٹ میں 90 فیصد میٹریل مقامی طو رپر تیار شدہ استعمال ہو گا جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا اورمعیشت کو فائدہ پہنچے گا اور روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے- راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مستقبل کے نئے منصوبہ سازوں کیلئے کئی دہائیوں تک ایک مثال ہوگا-انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے حوالے سے با اختیار اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے اور یہ اتھارٹی اپنے رولز اور ریگولیشن خود بنائے گی- کوئی اس اتھارٹی میں مداخلت نہیں کر سکے گا - انہوں نے کہا کہ اگلے تین برس اس منصوبے پر تیزی سے کام کریں گے اور ایک نیاشہر آباد ہو گا-