اپوزیشن اتحاد غیر فطری، وہ دن دور نہیں جب یہ اتحاد بھی ماضی کی طرح پارہ پارہ ہو جائیگا:عثمان بزدار

News Date: 
Thursday, October 15, 2020

لاہور15 اکتوبر:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایجنڈا ملک کی ترقی کو روکنا اور اپنی کرپشن کو تحفظ دینا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ اتحاد بھی ماضی کی طرح پارہ پارہ ہو جائے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو عوام کے حقیقی مسائل کا ادراک ہے نہ کوئی سمجھ اور یہ عناصر محض ذاتی مفادات کی خاطر عارضی طور پر ایک نظر آتے ہیں۔پاکستان کے عوام اپوزیشن کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ یہ اپنے منفی بیانیے سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پائیدار ترقی کے سفر سے خائف ہیں اور یہ عناصر موجودہ حکومت کی 2 سالہ محنت کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی واویلا کر لیں حکومت مدت پوری کرے گی۔اپوزیشن جماعتوں کے ہاتھ نہ پہلے کچھ آیا نہ آئندہ کچھ آئے گا۔