وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں وفد کی ملاقات، صحافی کالونی کے مسائل پر بات چیت

News Date: 
Thursday, April 1, 2021

لاہوریکم اپریل:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں صحافی کالونی ہربنس پورہ کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صحافی کالونی ہربنس پورہ سے متعلقہ ایشوز جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ لاہور پریس کلب کے وفد نے صحافی کالونی ہربنس پورہ کے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ایل ڈی اے، واسا اور دیگر اداروں سے متعلقہ امور کے حل کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس سال کے آخر تک پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دی جائے گی اور صحافی برادری کو صحت انصاف کارڈ بھی دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور پریس کلب پاکستان کا بہترین پریس کلب ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وفد میں سینئر نائب صدر لاہو رپریس کلب جاوید فاروقی، سیکرٹری زاہد چوہدری اور جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر شامل تھے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی پی آر بھی اس موقع پر موجود تھے۔