وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میاں کاشف اشفاق کی ملاقات

News Date: 
Saturday, May 1, 2021

لاہوریکم مئی:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے ملاقات کی جس میں صنعتی عمل کو تیز کرنے او رکاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں 7سپیشل اکنامک زونز پر کام ہورہاہے۔ فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ جلد فیصل آباد کا دورہ کروں گا اوراربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پرکام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 300ایکڑ اراضی پر جدید بزنس پارک قائم کیا جائے گا۔ بزنس پارک میں ایکسپو سینٹربنائیں گے جبکہ بزنس پارک میں گالف کلب بنایا جائے گا اورہوٹلنگ کے کاروبار کیلئے خصوصی مراعات دیں گے۔بزنس پارک میں کمرشل سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ہر طرح کی سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فرنیچر سٹی اورہیلتھ سٹی کا منصوبہ شروع کریں گے۔ویونگ سٹی پرکام کا آغاز ہوگا اور ون ونڈو سروس سینٹرکاافتتاح کیا جائے گا۔سوشل سکیورٹی ہسپتال،میڈیکل کالج اورنرسنگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کابھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور اپیرل پارک کے منصوبے پر بھی کام کا آغاز کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرے گی۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بے پناہ دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ہماری حکومت نے پنجاب کو سرمایہ کاری کے حوالے سے رول ماڈل بنایا ہے اور پنجاب کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے سی پیک سے منسلک سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ چیئرمین فیڈمک نے انڈسٹریل سٹی میں بڑے پیمانے پر ہونے والی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا اور بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں قلیل مدت میں بے پناہ سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہپنجاب کے عوام کورونا سے نمٹنے کے لئے حکومت کے موثر اقدامات کو سراہتے ہیں۔