وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور عوامی مسائل کے حل پر بات چیت

News Date: 
Saturday, May 1, 2021

لاہور یکم مئی:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں منتخب نمائندوں کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، فلاح عامہ کی سکیموں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندو ں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کے علاقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔جائز کاموں میں کسی کورکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتاہوں۔میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں اور عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی طرح کھوکھلے نعرے نہیں لگاتے صرف کام پر یقین رکھتے ہیں۔ شو بازی کا زمانہ گزر چکا۔ ہم عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اراکین پنجاب اسمبلی کی طرح قومی اسمبلی کے ارکان کے حلقو ں کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ اراکین قومی اسمبلی بھی اسی طرح عزیز ہیں جس طرح اراکین پنجاب اسمبلی۔ اراکین قومی اسمبلی سے کوآرڈینیشن مزید بہتر بنائیں گے۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے وعدے پورے کرتے ہیں۔ منتخب نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ خوش آئند ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں وزیر مملکت صاحبزادہ محبوب سلطان، اراکین قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ،عامرسلطان چیمہ، اراکین پنجاب اسمبلی محمد ندیم قریشی، شہباز احمد اور چوہدری اعجاز حسین شامل تھے۔