وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا گوجرانوالہ کے علاقے باغبانپورہ میں ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس

News Date: 
Sunday, May 2, 2021

لاہور2 مئی:وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گوجرانوالہ کے علاقے باغبانپورہ میں ڈور پھرنے سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈور سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پتنگ بازی کو روکنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔پتنگ بازی کے خونیں کھیل میں قیمتی انسانی جان کا ضیاع متعلقہ پولیس کی مجرمانہ غفلت ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے واقعات کی روک تھام کیلئے فعال طریقے سے فرائض انجام دئیے جائیں اور خلاف وزری کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت بلا تفریق کارروائی کی جائے۔