وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا انسداد ڈینگی کے لئے صوبہ بھر میں مؤثر مہم چلانے کا حکم

News Date: 
Wednesday, June 9, 2021

لاہور9جون: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے انسداد ڈینگی کے لئے صوبہ بھر میں مؤثر مہم چلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت اورانتظامیہ انسدادڈینگی کیلئے ہرضروری اقدام اٹھائے اورانسداد ڈینگی کیلئے متعلقہ ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔ متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ وضع کر دہ پلا ن پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔کمشنر ز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی کے لئے اقدامات کی خود نگرانی کریں -انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے- ڈینگی سرویلنس پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے- متعلقہ افسران اور عملے کو دفتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نظر آنا چاہیے -انہوں نے کہا کہ پہلے زیادہ توجہ کورونا پر تھی، اب کورونا کے ساتھ ڈینگی کا بھی مؤثر سدباب کرنا ہو گا-کورونا کی طرح انسداد ڈینگی کے اقدامات کو خود مانیٹر کروں گا- ”سب اچھا ہے“ کی رپورٹ سے کام نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے ہر اقدام کا آڈٹ ہو گا-انسداد ڈینگی کے حوالے سے کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں غفلت یا تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔