بزدار حکومت کا اساتذہ کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کیلئے احسن ترین اقدام،اساتذہ کو سنگل نیشنل کریکولم کی آن لائن ٹریننگ کے پروگرام کا آغاز

News Date: 
Friday, July 16, 2021

لاہور16جولائی:  بزدار حکومت نے اساتذہ کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کیلئے احسن ترین اقدام اٹھاتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سنگل نیشنل کریکولم کے بارے میں تربیت دینے کے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں قائداعظم اکیڈمی برائے ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام سنگل نیشنل کریکولم کے تربیتی سیشن کے آغاز کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنگل نیشنل کریکولم کے تربیتی سیشن کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم اکیڈمی فارایجوکیشن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام مجموعی طورپر 3لاکھ19ہزار سے زائد اساتذہ کو ٹریننگ دی جائے گی جن میں 2لاکھ سے زائد سرکاری سکولوں کے اساتذہ اورایک لاکھ18ہزار سے زائد نجی سکولوں کے اساتذہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ سب کیلئے یکساں نظام تعلیم (ون سسٹم آف ایجوکیشن فار آل) وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے۔ صوبائی کابینہ نے گزشتہ دسمبر میں سنگل نیشنل کریکولم کی منظوری دی۔ قائداعظم اکیڈمی برائے ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور ایجوکیشن مینجرز کیلئے پیشہ ورانہ ٹریننگ کا انعقاد کررہی ہے اور یہ ٹریننگ وفاقی حکومت کے ماڈیول کے تحت کی جائے گی۔ نوٹیفائیڈ کمیٹی نے اساتذہ کی ٹریننگ کیلئے 48لیڈ ٹرینرز کا انتخاب کیااور شفاف سلیکشن پراسس کے تحت پبلک اورپرائیویٹ سیکٹرز سے 1716ماسٹر ٹرینرزکا انتخاب کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ہائبریڈ سنگل نیشنل کریکولم ٹریننگ ماڈل کی 6روزہ ٹریننگ میں اساتذہ کرام کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔مائیکرو سافٹ سے365آفس سافٹ ویئر کے 5 لاکھ فری لائسنس حاصل کیے جا چکے ہیں۔ٹرینرز کے لئے 3لاکھ70ہزار ٹول حاصل کیے گئے ہیں۔پرائمری سکول ٹیچرز،ایم ایس ٹیم کوای لرننگ سسٹم کے طورپر استعمال کر کے طلبہ کو شیڈول لیکچر دے سکیں گے۔اس سسٹم کے ذریعے کلاس،نوٹس اور اسائنمنٹ کا تبادلہ بھی ممکن ہوگا۔ٹریننگ کے پہلے راؤنڈ کی رجسٹریشن اورانرولمنٹ پورٹل کا آغاز 26جون سے ہوچکا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اساتذہ کرام پروفیشنل ٹریننگ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو جلا بخشیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مرادراس اور ان کی پوری ٹیم کو شاندار آن لائن ٹریننگ پروگرام کے آغاز پر مبارکباد دیتا ہوں۔اساتذہ کی ٹریننگ کیلئے یہ پروگرام انتہائی اچھا اقدام ہے۔ہماری حکومت نے صوبے میں ہزاروں سکول اپ گریڈ کئے ہیں۔پنجاب میں 70 برس کے دوران اتنے سکول اپ گریڈ نہیں ہوئے جتنے 3 برس میں ہماری حکومت نے کئے۔پنجاب حکومت محکمہ تعلیم میں اصلاحات پروگرام کو مزید آگے بڑھائے گی اور انشاء اللہ تعلیم کے شعبہ میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اساتذہ کی آن لائن تربیت کا بہترین پروگرام لانچ کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی پوری ٹیم نے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کیلئے بہت محنت کی ہے۔ سرکاری سکولوں کے ا ساتذہ کے ساتھ پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کو بھی تربیت دی جائے گی۔محکمہ تعلیم کے ساتھ تعاون پر مائیکرو سافٹ کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر پنجاب حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تعلیم کے فروغ کیلئے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔ آن لائن ٹیچرز ٹریننگ کے اس پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے وزیراعلی عثمان بزدار کا تعاون لائق تحسین ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے شعبہ تعلیم میں دور رس اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ ان اصلاحات سے شعبہ تعلیم کو ریفارم کیا جا رہا ہے۔آن لائن ٹیچرز ٹریننگ پروگرام ایک منفرد اقدام ہے۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشن ڈویلپمنٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔