وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے سینیٹر عون عباس بپی کی ملاقات،ہر علاقے کی یکساں ترقی کیلئے 360ارب روپے کا ڈویلپمنٹ پیکیج دیا

News Date: 
Monday, September 13, 2021

لاہور13ستمبر:وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارسے آج اسلام آباد میں سینیٹر عون عباس بپی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔تین برس کے دوران عوامی خدمت پر فوکس کیا ہے۔ہر علاقے کی یکساں ترقی کیلئے 360ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔صوبے کی تاریخ میں پہلی بار نظرانداز کیے گئے علاقوں میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔اپوزیشن جماعتوں نے شروع دن سے حکومت کے خلاف منفی حربے استعمال کیے۔اللہ تعالی کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے اپوزیشن کا ہر حربہ ناکام رہا۔ اپوزیشن دوغلی سیاست کر کے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ ا فراتفری کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔یہ وقت اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہر سطح پر شفافیت کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں پوری قوم اسے سراہتی ہے-سینیٹر عون عباس بپی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت صوبے کے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کررہی ہے اوروزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر فوکس کیا ہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار عزم، جذبے اور محنت کیساتھ عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔